بنگلورو۔21؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے ریاست کی حکمران کانگریس پر الزام لگایا ہے کہ وہ ہندو مسلم بھائی چارگی میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے، ان کوششوں کی سخت مذمت کی جانی چاہئے۔آج بی جے پی دفتر میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے تعلیمی بیداری پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس ہمیشہ سے اقلیتوں کو محض ووٹ بینک کے طور پر استعمال کررہی ہے، ان کی ترقی کی جانب کبھی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ برسوں ملک کے اقتدار پر رہنے کے باوجود کانگریس پارٹی نے ملک کے غریب طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہمیشہ انتخابات کے قریب انہیں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا اور انتخابات کے بعد انہیں نظر انداز کردیا۔ کانگریس اگر واقعی ملک کے غریبوں کیلئے کچھ کرتی تو آج ملک میں غربت کا خاتمہ ہوگیا ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں ایک بار پھر یڈیورپا کی قیادت میں بی جے پی حکومت قائم ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کو اپنی قومیت اور حب الوطنی کی وجہ سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر اقلیتی مورچہ کے صدر عبدالعظیم نے بتایاکہ مارچ یا اپریل میں ریاست میں ایک بہت بڑی اقلیتی کانفرنس منعقدکی جائے گی، جس میں پچاس ہزار مسلمان بی جے پی میں شامل ہوں گے ۔ اس موقع پر بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی سکریٹری سعید شیخ اور دیگر موجود تھے۔